اسلام آباد:
پاکستان مسلم لیگ (ق) فیڈرل کیپٹل کے صدر رضوان صادق خان گلگت بلتستان میں دس روزہ انتخابی مہم مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔
رضوان صادق خان پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک کے ہمراہ گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مختلف اضلاع میں انتخابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔
دورے کے دوران رضوان صادق خان نے غذر، گلگت اور سکردو میں پارٹی کی انتخابی ریلیوں، کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہم میں شرکت کی۔ وہ مسلم لیگ (ق) کی مذاکراتی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ہونے والے متعدد مشاورتی اجلاسوں میں بھی شریک رہے۔
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے رضوان صادق خان اور دیگر وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان، چوہدری منظور، حسن مرتضیٰ، سعدیہ دانش، پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر سردار اشعر حیات خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر رضوان صادق خان نے کہا کہ انہوں نے پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کیا اور کارکنوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ (ق) کا پیغام عوام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھرپور محبت اور پذیرائی دی جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ملک بھر میں جمہوری عمل، سیاسی استحکام اور عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی۔