News Views Events
Apna Watan

اسلام آباد میں گلوبل گورننس انیشی ایٹو اور سی پیک میں چین اور پاکستان کے مشترکہ کردار پر سیمینار کا انعقاد

0

اسلام آباد (شِنہوا) اسلام آباد میں ’’دوستی کے 75 سال: گلوبل گورننس انیشی ایٹو (جی جی آئی) اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں چین اور پاکستان کا مشترکہ کردار‘‘ کے عنوان پر سیمینار منعقد ہوا۔شِنہوا نیوز ایجنسی کے صدر فو ہوا نے ویڈیو خطاب میں کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی سدا بہار شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے، جس نے عملی اقدامات کے ذریعے علاقائی ترقی اور خوشحالی کو مضبوط رفتار فراہم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا دوستی کی واضح عکاسی ہے اور چین کے گلوبل گورننس انیشی ایٹو (جی جی آئی) کو نظریات سے عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ایک زندہ مثال ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی 75 سالہ تاریخ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر موسم میں قائم رہنے والی اور آزمودہ ہے، جو ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی بنیاد عوامی سطح پر مضبوط روابط ہیں، جس نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے لائحہ عمل کے تحت پاکستان اور چین کا تعاون پائیدار ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کی کوششوں کو مضبوط بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کی مضبوطی کی علامت ہے بلکہ عالمی ترقی کے تصور میں ایک وسیع تبدیلی کی بھی نمائندگی کرتی ہے۔پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اپنی تقریر میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ پیش کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین "آہنی دوستی” میں ایک نیا باب رقم کرنے، بڑے تزویراتی منصوبوں اور "چھوٹے مگر موثر” عوامی فلاحی منصوبوں کو آگے بڑھانے، سی پیک کی ترقی میں نئے باب کا آغاز کرنے، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ رکھنے اور عالمی نظم ونسق کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔یہ تقریب شِنہوا نیوز ایجنسی کے ایشیا بحرالکاہل علاقائی دفتر، اسلام آباد میں چینی سفارتخانے اور انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس میں 80 سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں اعلیٰ سرکاری حکام، تھنک ٹینکس کے سربراہان، سفارتکار، ماہرین اور پاکستان و چین کے دانشور شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.