News Views Events
Apna Watan

بیرسٹر امجد ملک کا پیرس میں ’’معرکۂ حق‘‘ تقریب سے خطاب

0
برطانیہ میں مقیم معروف قانون دان، صوبائی وزیر پنجاب اور وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرسٹر امجد ملک نے پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کی دعوت پر پیرس کا ہنگامی دورہ کیا۔
پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) فرانس کے چیف پیٹرن طلعت چوہان، صدر حاجی محمد حنیف، جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان، یوتھ ونگ کے صدر خان اصغر علی خان، تاجر ونگ کے صدر سید خالد جمال شاہ، سینئر رہنما تصور حسین تارڑ اور سیکرٹری اطلاعات راجہ اشفاق حسین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے شام کے وقت پیرس کے مقامی ’’ذائقہ ریسٹورنٹ‘‘ میں منعقدہ ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اس کی صدارت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔
اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر برائے بین الاقوامی امور بھی ہیں، کو فریضۂ حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی گئی۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
May be an image of one or more people and dais
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر حاجی محمد حنیف، چیف پیٹرن طلعت محمود چوہان، جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان، یوتھ ونگ کے صدر چوہدری اصغر خان، سرپرست شیخ طارق جاوید، خواتین ونگ کی صدر سلطانہ اصغر، جنرل سیکرٹری سارہ کرن، سینئر مسلم لیگی رہنما تصور حسین تارڑ اور سید خالد جمال شاہ سمیت دیگر مقررین نے یومِ تکبیر اور معرکۂ حق کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بیرسٹر امجد ملک کو حج کی مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں بیرسٹر امجد ملک نے استقبالیہ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں، جی ایس پی پلس اور تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر موقع پر اپنی قومی سلامتی کا مؤثر دفاع کیا ہے۔ انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، بین الاقوامی سفارتی روابط اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے 28 مئی یومِ تکبیر کی تاریخی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا سہرا سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تارکینِ وطن کے مقدمات کے فوری فیصلوں کے لیے 37 خصوصی عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔ ان عدالتوں کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے سفارت خانوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جائیداد کے تحفظ سے متعلق نافذ شدہ قانون 2025 کے تحت معاملات کو چھ ماہ کے اندر نمٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں اور دیگر معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پنجاب کے 41 اضلاع میں قائم سہولت مراکز، ماہانہ کھلی کچہریوں، آن لائن پورٹلز اور ہیلپ لائنز کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
بیرسٹر امجد ملک نے مسلم لیگ (ن) فرانس کی قیادت، خصوصاً حاجی محمد حنیف اور رانا محمود علی خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پارٹی اور کمیونٹی کی بہترین رہنمائی کی ہے اور ان کا کردار قابلِ تقلید ہے۔ اس موقع پر پارٹی میں 50 نئے ارکان کی شمولیت کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کا پیغام دیتے ہوئے اتحاد، تنظیم، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کو پارٹی اور قوم کی مضبوطی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے مقامی قیادت کی جانب سے تصور حسین تارڑ اور سید خالد جمال شاہ کو مرکزی دھارے میں مزید فعال کردار دینے کی تجویز کی حمایت کی، جبکہ لیگل ونگ اور وومن ونگ کی تنظیمِ نو کا بھی عندیہ دیا۔
آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی ’’شہ رگ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے سے دور رہنے اور اتحاد برقرار رکھنے پر زور دیا۔
تقریروں کے دوران ملی نغمے بھی پیش کیے گئے جبکہ شرکاء کی بہترین عشائیے سے تواضع کی گئی۔ تقریب میں میڈیا نمائندگان کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جن کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔
تقریب کی نظامت طلعت چوہان نے انجام دی، جبکہ صدر مسلم لیگ (ن) فرانس حاجی محمد حنیف اور جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.