News Views Events
Apna Watan

لاہور سمیت پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ  شروع، شہریوں اور کسانوں کیلیے الرٹ جاری

0


لاہور:

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، اس سلسلے میں شہریوں اور کسانوں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

گرد آلود ہوائیں اور بارش برسانے والا موسمی سسٹم پاکستان پہنچ گیا ہے، جس کے باعث پنجاب بھر میں آج سے 20 جون تک مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 جون تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر ہرگز نہ جائیں۔ گردوغبار اور تیز آندھی کے دوران بھی احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پیشگی اقدامات کریں، جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کے سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.