News Views Events
Apna Watan

متعدد ٹیکسز برقرار، کئی میں ترمیم کی تجویز

0

—فائل فوٹو

خیبر پختون خوا حکومت کے فنانس بل کی کاپی ’جیو نیوز‘ کو موصول ہو گئی، جس کے مطابق متعدد ٹیکسز برقرار رکھنے اور کئی اہم ٹیکسوں میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق تمام رہائشی جائیدادوں کے بقایا جات کی یکمشت ادائیگی پر 30 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ یہ رعایت 30 جون 2026ء تک ادائیگی کرنے والوں کے لیے ہو گی۔

31 دسمبر 2026ء تک واجبات ادا نہ کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

فنانس بل میں موٹر رکشہ یا ٹرائی ویل پر 1 ہزار روپے سالانہ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 6 سے 15 نشستوں والی کمرشل گاڑی پر فی نشست 400 روپے اور 15 سے زائد نشستوں والی گاڑی پر فی نشست 500 روپے سالانہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

ہوٹلوں پر سال میں ایک بار ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پوائنٹ آف سیل میں شامل ہوٹلوں سے کمروں اور بکنگ کے حساب سے 5 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ پوائنٹ آف سیل سسٹم نہ ہونے کی صورت میں دستیاب رہائشی یونٹس کی تعداد کے 50 فیصد کی بنیاد پر حقیقی کمرہ کرایے کے 10 فیصد کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

دستاویزات میں جون 2026ء تک یکمشت ادائیگی پر 20 فیصد رعایت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق مجموعی اخراجات کے لیے 2 ہزار 170 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جن میں جاری اخراجات کے لیے 1 ہزار 645 ارب 70 کروڑ 80 لاکھ روپے اور ترقیاتی اخراجات کے لیے 524 ارب 29 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔

 خیبر پختون خوا کی بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبے کو وفاقی ٹیکسوں کی مد میں مجموعی طور پر 1584 ارب روپے سے زائد ملنے کا امکان ہے۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی ٹیکس محصولات سے 1540 ارب روپے سے زائد موصول ہوں گے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے 149 ارب روپے سے زیادہ ملنے کی توقع ہے۔

بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ تیل و گیس پر سر چارج کی مد میں 53 ارب روپے سے زائد، جبکہ ونڈ فال لیوی آن آئل کی مد میں 24 ارب روپے سے زیادہ حاصل ہونے کا امکان ہے۔

دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 524 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.