یومِ عاشور پر ملکی قومی قیادت کا اتحاد، رواداری اور حق و انصاف کے فروغ پر زور
اسلام آ باد:
یومِ عاشور 10 محرم الحرام 1448ھ کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ حق، انصاف، صبر، برداشت، اتحاد اور قومی یکجہتی کے اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فکر انگیز دن ہے، جو ایمان، صبر، استقامت، ایثار اور اصلاحِ معاشرہ کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانی نے ثابت کیا کہ حق، عدل اور انسانی عظمت کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینا ظلم اور باطل کے سامنے جھکنے سے بہتر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں عدل و انصاف، برداشت، ذمہ داری، باہمی احترام اور رواداری کو فروغ دینے کی تلقین کرتا ہے۔
انہوں نے علماء، مشائخ، ذاکرین، میڈیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ یوم عاشور کے حقیقی پیغام کو عام کریں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں اور نفرت و اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور صبر، استقامت اور حق گوئی کا درس دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک دائمی پیغام اور زندہ درسگاہ ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ یومِ عاشور کے موقع پر امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم عاشور حق، صداقت، صبر، قربانی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی لازوال علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا نے میدانِ کربلا میں عظیم قربانیاں دے کر دینِ اسلام، انسانی وقار اور عدل و انصاف کے اصولوں کا تحفظ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں معاشرے میں رواداری، امن، انصاف، اخوت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
ان کے مطابق حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیاں پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں اور قوم کو اپنے کردار و عمل میں انہی اعلیٰ اقدار کو اپنانا چاہیے جن کے لیے اہل بیتؓ نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔
پی این پی