امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جوابی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت متاثر ہونے کے خدشات کے پیشِ نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت میں 58 سینٹس، یعنی 0.8 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 72.57 ڈالرز تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 88 سینٹس، یا 1.3 فیصد اضافے کے ساتھ 70.11 ڈالرز فی بیرل ہو گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 10.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو مسلسل تیسرے ہفتے کی گراوٹ تھی۔
مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق اس سے قبل آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی ترسیل میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کے آغاز کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم حالیہ کشیدگی اور جوابی حملوں کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتِ حال ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔
پی این پی