News Views Events
Apna Watan

اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن؛ 4 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

0

اے این ایف نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس  نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ان کارروائیوں کے دوران 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 316.724 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جبکہ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اے این ایف کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے سامان میں موجود 7 احراموں میں جذب کی گئی 12.160 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ فیصل آباد کے ایک کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی 6.560 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اُدھر تونسہ ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس سے 24 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ شکار پور روڈ سکھر کے قریب موٹر سائیکل سوار ایک ملزم کے قبضے سے 10 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح رنگ روڈ پشاور پر واقع ایک سی این جی اسٹیشن کے قریب گاڑی سے 3.450 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

علاوہ ازیں واہگہ گاؤں لاہور میں ایک لاوارث ڈرون سے 554 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ دالبدین کے قریب کارروائی کے دوران 260 کلوگرام چرس قبضے میں لے لی گئی۔

اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.