اسلام آباد(نعیم اختر)پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنیسکو نے رومانیہ کے سفارت خانے میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران رومانیہ اور پاکستان کے درمیان نوجوانوں، تعلیم، جدت طرازی، کاروباری مواقع، کھیلوں اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری کو وسعت دینے، نوجوانوں کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور آئندہ نسل کے رہنماؤں کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا۔
اس موقع پر رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنیسکو نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایسے قریبی تعلقات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے جو نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کریں اور مکالمے، باہمی افہام و تفہیم اور تعاون پر مبنی مشترکہ مستقبل کی تعمیر میں معاون ثابت ہوں۔