اوورسیز پاکستانیوں سے جون میں 3.5 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول، سالانہ بنیاد پر 2فیصد اضافہ
جون 2026 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.5 ارب امریکی ڈالر وطن بھیجے، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2026 میں ترسیلات زر 3.5 ارب ڈالر رہیں، نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں سال بسال 2.0 فیصد اضافہ اور ماہ بہ ماہ 18.3 فیصد کمی ہوئی۔
مالی سال 2026 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی رقم مجموعی طور پر 41.6 ارب ڈالر رہی جو مالی سال 2025 کے دوران موصولہ 38.3 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.6 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
جون 2026ء میں موصول ہونے والی ترسیلات زر کا بیشتر حصہ سعودی عرب (829.6 ملین ڈالر) سے آیا جس کے بعد متحدہ عرب امارات (792.2 ملین ڈالر)، برطانیہ (514.9 ملین ڈالر) اور امریکا (296.8 ملین ڈالر) سے رقوم موصول ہوئیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 2025-26 میں گزشتہ برس (2024-25) کے مقابلے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں محب وطن سمندر پار مقیم پاکستانیوں میں 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جن پر انکے مشکور ہیں۔ ترسیلات زر میں 8.6 فیصد اضافہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
پی این پی