ہیما مالنی نے دھرمیندر کی آخری خواہش اور خاندانی رشتوں کی حقیقت عیاں کردی
بالی ووڈ کی ڈریم گرل اور ایور گرین کوئین ہیما مالنی نے دھرمیندر کے آخری لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خاندان کو دی گئی آخری نصیحت سے متعلق لب کشائی کی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران 78 سالہ ہیما مالنی نے انکشاف کیا کہ دھرمیندر نے اپنی وفات سے قبل تمام اہل خانہ کو متحد رہنے اور زندگی میں خاندان کو ہر معاملے پر فوقیت دینے کا پیغام دیا تھا۔
اداکارہ نے سنی دیول اور بوبی دیول کے حوالے سے بتایا کہ وہ انتہائی شفیق بیٹے ہیں اور ان دونوں کے مابین گہرا اور مضبوط تعلق قائم ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنی نجی زندگی کی تشہیر پسند نہیں کرتے، کیونکہ دھرمیندر بھی ہمیشہ اپنے خاندانی معاملات کو عوامی نظروں سے دُور رکھنے کے حق میں تھے۔
یاد رہے کہ ہندی سنیما کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں 24 نومبر کو انتقال کر گئے تھے۔ ان کی اور ہیما مالنی کی محبت کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا، جس کے بعد 1980 میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی اس جوڑی نے شعلے، سیتا اور گیتا جیسی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
دھرمیندر اور ہیما مالنی کی شادی بالی وڈ کی تاریخ کا بہت زیادہ قابل ذکر موضوع رہی ہے۔ اگرچہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے، مگر ہیما مالنی کے ساتھ ان کا رشتہ دہائیوں پر محیط رہا۔
دونوں اسٹارز کی 2 بیٹیاں ایشا اور آہنا دیول ہیں، جو والدین کے فن اور ان کی مشترکہ میراث کی عکاس ہیں۔
پی این پی