News Views Events
Apna Watan

سعودی عرب پر حوثی بیلسٹک میزائل حملے، پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

0


نیویارک:

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں مشرق وسطیٰ خصوصاً یمن کی صورتحال پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

سفیر عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ یمن سمیت پورے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام فریق مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کا راستہ اختیار کریں۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ یمن میں دیرپا امن صرف یمنی عوام کی قیادت میں اقوام متحدہ کی معاونت سے جاری جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مشکل حالات میں بھی مذاکرات کے ذریعے مثبت پیش رفت حاصل کی جا سکتی ہے۔

سفیر عثمان جدون نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ملک گیر جنگ بندی اور جامع سیاسی تصفیے کے لیے تعمیری مذاکرات جاری رکھیں۔

انہوں نے یمن کے عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے جاری جنگ، نقل مکانی، معاشی بحران اور غذائی عدم تحفظ نے عام شہریوں کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ مزید کشیدگی ان کے مسائل میں اضافہ کرے گی۔

پاکستان نے اقوام متحدہ، انسانی امدادی اداروں اور سفارتی عملے کی حوثیوں کے ہاتھوں مبینہ من مانی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام زیر حراست اہلکاروں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔

سفیر عثمان جدون نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عملے، تنصیبات اور اثاثوں کے مراعات و استثنیٰ کا مکمل احترام یقینی بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.