News Views Events
Apna Watan

پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے : وزیر اعظم شہباز شریف

0

—فائل فوٹو 

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواں سال معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ہو گا، پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو ایف بی آر کی کارکردگی اور جاری اصلاحات کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزرز کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ نظام کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔

بریفنگ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران شوگر انڈسٹری میں پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے 42 بلین روپے، سیمنٹ انڈسٹری میں 38 بلین روپے اور بیوریجز انڈسٹری میں 15 بلین روپے کا اضافی ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اس لیے زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون کرے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کریں تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ ہو اور ان کے مسائل بلا تاخیر حل کیے جا سکیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد بڑھے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.