News Views Events
Apna Watan

فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ کو 60 سال بعد فائنل میں رسائی کیلیے تاریخی رقیب کا چیلنج درپیش

0

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم آج ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں روایتی حریف ارجنٹینا کے خلاف میدان میں اترے گی جہاں کامیابی اسے 60 برس بعد ورلڈکپ فائنل تک پہنچا سکتی ہے۔

1966 میں ویملی اسٹیڈیم پر عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد انگلینڈ صرف چند مواقع پر سیمی فائنل تک پہنچا، لیکن ہر بار منزل سے ایک قدم پہلے ناکام رہا۔

ہیڈ کوچ تھامس ٹوچل کی قیادت میں انگلش ٹیم ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ٹوچل کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بھرپور جوش، اعتماد اور عزم کے ساتھ اس بڑے مقابلے کے لیے تیار ہیں اور ٹیم اب اگلا قدم اٹھانا چاہتی ہے۔

انگلینڈ نے حالیہ برسوں میں بڑے ٹورنامنٹس میں متاثر کن کارکردگی دکھائی تاہم 2018 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کروشیا، یورو 2020 کے فائنل میں اٹلی، 2022 ورلڈ کپ میں فرانس اور یورو 2024 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست نے اس کے ٹائٹل کے خواب ادھورے چھوڑے۔

دوسری جانب انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان مقابلہ صرف ایک سیمی فائنل نہیں بلکہ کئی دہائیوں پر محیط تاریخی رقابت بھی ہے۔

1966 کے متنازع کوارٹر فائنل، 1986 میں ڈیاگو میراڈونا کے مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول، 1998 میں ڈیوڈ بیکہم کے ریڈ کارڈ اور 2002 میں بیکہم کے فیصلہ کن پنالٹی گول جیسے لمحات اس مقابلے کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔

ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکیلونی نے بھی تسلیم کیا کہ دونوں ٹیموں کی تاریخ اس میچ کو جذباتی بنا دیتی ہے۔

سیمی فائنل کی فاتح ٹیم اتوار کو اسپین کے خلاف ورلڈ کپ فائنل کھیلے گی جس کے باعث یہ مقابلہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.