حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا، نوٹیفکیشن جاری
حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ کردیا۔
وزارت توانائی کی جانب سےجاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے حوالے سے جاری کیے گئے طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے کی معمولی کمی کردی گئی ہے، اس کمی کے ساتھ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 385 روپے 86 پیسے سے کم ہو کر 383 روپے 86 پیسے ہوگئی ہے۔
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 333 روپے ایک پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ روز 328 روپے 56 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمت کا اطلاق 6 اگست 2026 کے لیے ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے اور ڈیزل پر لیوی 70 روپے 86 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 26 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز 5 اگست کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 39 پیسے کی کمی کی تھی۔
حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بالترتیب 328 روپے 56 پیسے اور 385 روپے 86 پیسے مقرر کی تھی۔
پی این پی