News Views Events
Apna Watan

غلام مصطفیٰ ملک کی سیاسی و صحافتی خدمات قابلِ تحسین ہیں،سینئر صحافی وحید مراد

0

پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مکرم و محترم جناب ملک غلام مصطفی اعوان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محترم جناب ملک کامران اعوان صاحب والدہ مرحومہ کی وفات پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کے لئے گھر تشریف لائے۔

انہوں نے والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت فرمائیں اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ملک غلام مصطفی صاحب کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری دل جوئی کے لئے میرے گھر تشریف لائے۔ میرا ان کے ساتھ تعلق آج کا نہیں بلکہ دہائیوں سے قائم ہے، انتہائی ملنسار، ہمدرد اور خوش مزاج انسان ہیں۔ وہ ایک مخلص سیاسی کارکن ہی نہیں بلکہ ایک عمدہ صحافی بھی ہیں، تحریر وتقریر کے ماہر ہیں لیکن ان کا قلم صرف وطن عزیز میں محبتوں، اتحاد ویکجہتی کے فروغ اور دینی اقدار کے تحفظ کیلئے حرکت میں آتا ہے۔

دوسرے لفظوں میں ان کے لئے سیاست و صحافت لازم و ملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غلام مصطفی صاحب مسلم لیگ ق کے اہم ترین رکن ہی نہیں بلکہ ان کا مسلم لیگ ق کے سربراہ جناب چوہدری شجاعت حسین اور ان فیملی کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے ، چوہدری شجاعت حسین اور ان کی فیملی ان کو بہت عزت و احترام دیتی ہے یہی وجہ ہے کہ جماعت نے ان کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے اہم ترین عہدے پر تعینات کیا ہے۔ خود غلام مصطفٰی ملک کی اپنی جماعت کے لئے بے شمار خدمات ہیں ہر سرد وگرم موسم میں وہ اپنی جماعت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں، کسی جماعت کے لئے وفادار سیاسی کارکن بہت بڑا سرمایہ ہوتے ہیں ملک صاحب میں یہ خوبی بدرجہ اتم موجود ہے جماعت کے ساتھ مستقل وابستگی اس کا بین ثبوت ہے۔

غلام مصطفٰی ملک صاحب سیاست کی غلام گردشوں میں پروان چڑھنے والی بہت سی حیرت انگیز کہانیوں کے عینی شاہد ہیں سانپ اور سیڑھی کے اس کھیل کے عینی شاہد ہوئے کے باوجود وہ اپنی تحریر وتقریر میں حد درجہ احتیاط کا مظاہرہ کرتے ہیں حالانکہ اگر وہ آپ بیتی جگ بیتی میں کسی لگی پٹی کے بغیر کوئی انکشاف کر دیں تو سیاست کے ایوانوں میں ہلچل مچ جائے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کو اس وقت صرف اور صرف امن و استحکام کی ضرورت ہے ملک دشمن قوتیں ہماری سلامتی کے درپے ہیں اور ہمیں نقصان پہچانے کے موقع کی تلاش میں ہیں ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد ویکجہتی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ وطن عزیز کی سلامتی ہمارا مقصد اولین ہے اور بس۔۔۔ یہی ہماری ریڈ لائن ہے۔ بہرحال غلام مصطفٰی ملک صاحب اور ملک کامران صاحب کی آمد کا شکریہ۔ سیاست پھر کبھی سہی۔۔۔

تحریر وحید مراد
سنئیر صحافی / کالم نگار

Leave A Reply

Your email address will not be published.