ہمالیائی گلابی نمک
برسلز: پاکستان کے قدرتی خزانے ہمالیائی گلابی نمک کو بیلجیم میں منعقدہ گلوبل انوویشن ایوارڈ میں نمایاں مقام ملا ہے۔ پاکستانی ہمالیائی نمک سے تیار کردہ برازیلی صابن کو بین الاقوامی ججوں نے ایوارڈ سے نوازا، جس سے پاکستان کی عالمی تجارتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
تقریب کے دوران منعقدہ خواتین ایگروٹیک سمٹ میں پاکستان کے نمک کی خالصت اور معدنی خصوصیات کو سراہا گیا۔
ہمالیائی گلابی نمک
اس موقع پر وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ہمالیائی گلابی نمک پاکستان کا قدرتی خزانہ ہے اور بیلجیم میں ایوارڈ جیتنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے قدرتی وسائل دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے اشتراک سے عالمی معیار کی مصنوعات سامنے آ رہی ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ تجارتی مشیر ڈاکٹر بابر چوہان نے کہا کہ ہمالیائی نمک اور برازیل کی بایو ڈائیورسٹی کا امتزاج ایک عالمی کامیابی ہے،
جس نے سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کے وسائل کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔برازیل کے سفارت خانے نے اس موقع پر یقین دلایا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔