اسلام آباد(محسن اسلم ) پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر، پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مقامی سطح پر تعاون کے فروغ اور “پاکستان۔رومانیہ دوستی یادگار” کے قیام کے منصوبے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین اور پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (PRBC) نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو اجاگر کرنے اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے کمشنر سید حسن نقوی کے وژن، تعاون اور اس تاریخی اقدام کے لیے موزوں مقام کی نشاندہی پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔
سفیر نے اعلان کیا کہ رومانیہ کا آنریری قونصل خانہ کراچی میں جلد دوبارہ کھولا جائے گا جو صوبہ سندھ میں رومانیہ کے سفارتی و قونصلر امور انجام دے گا۔
رومانیہ بزنس کونسل اس یادگار کی تعمیر اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوگی، جو دونوں ممالک کے درمیان امن، دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر قائم کی جائے گی۔ پاکستان اور رومانیہ اس سال اپنی سفارتی تعلقات کی 61ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔
دونوں فریقین نے مقامی حکومتوں کی سطح پر تعاون بڑھانے، شہری انتظام، پائیدار ترقی اور عوامی نظم و نسق کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ تعلیمی شراکت داری کے فروغ، طلبا و اساتذہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں تجارتی و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے، اور کراچی و سندھ کو رومانیہ کے اہم شہروں کے ساتھ جوڑنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
مزید برآں، اس بات کی تجویز بھی زیر غور آئی کہ کراچی کی ایک شاہراہ کو “کانستانتسا ایونیو” جبکہ رومانیہ کے شہر کانستانتسا کی ایک سڑک کو “کراچی ایونیو” کا نام دیا جائے، تاکہ دونوں بندرگاہی شہروں کے درمیان دوستی کی علامت کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ ملاقات پاکستان اور رومانیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی، ثقافتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
رومانیہ کے سفیر کی سندھ کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی خواہش