News Views Events

ترکیہ کے سفارتخانے میں معذور افراد کے بین الاقوامی دن کی تقریب

0

 

اسلام آباد،: ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے معذور افراد کے بین الاقوامی دن کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی اور اداروں سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد کو مدعو کیا اور پاکستان میں رسائی اور شمولیت کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عرفان نیزیراوغلو نے کہا کہ "سماجی ترقی کے فروغ کے لیے معذور افراد کو شامل کرنا ضروری ہے، اور حقیقی ترقی تب ہی ممکن ہے جب ہر فرد برابری اور مکمل شمولیت کے ساتھ معاشرے کا حصہ بن سکے۔” انہوں نے مختلف اداروں، غیر سرکاری تنظیموں (NGOs)، اور انفرادی طور پر معذور افراد اور کمزور طبقات کی فلاح کے لیے کام کرنے والوں کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معذور افراد کی معاونت کے حوالے سے دیرینہ تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا، تاکہ مشترکہ اقدامات، تجربات کے تبادلے اور باہمی یکجہتی کے ذریعے ہر شعبے میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔

تقریب میں جسمانی معذور افراد، بصارت سے محروم، سماعت و گویائی سے محروم افراد، اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی جن کا ترکیہ کی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔

ڈاکٹر عرفان نے کہا، "ہم ایسے پروگرام شروع کرسکتے ہیں جو رسائی، شمولیتی تعلیم، اور سماج کے تمام شعبوں میں معذور افراد کی بھرپور شرکت کو فروغ دیں۔ یہ شراکت نہ صرف ہمارے مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس اجتماعی عزم کو بھی مضبوط کرتی ہے کہ کوئی بھی شخص پیچھے نہ رہ جائے۔”

نیشنل پریس کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے عصمت اللہ نیازی نے پاکستان میں معذور افراد کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شمولیتی معاشرہ تب ہی ممکن ہے جب ملک بھر میں جامع رسائی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ رسائی ہی ایک حقیقی شمولیتی معاشرے کی بنیاد ہے۔ لہٰذا ریاستِ پاکستان کو معذور افراد کے لیے Meaningful Accessibility پلان کو یقینی بنانا چاہیے۔

اس موقع پر اسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (STEP) کی عمبیہ اکرم اور محمد عاطف نے ترکی میں رسائی اور شمولیت کے میدان میں حاصل تجربات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معذور افراد کی معاونت کے لیے مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط تعاون دونوں ممالک میں معذور افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.