News Views Events

مسلم لیگ ق کی چیف آف ڈیفنس کا منصب سنبھالنے پر جنرل عاصم منیر کو مبارکباد

ذمہ دارانہ سیاست کا تقاضا ہے کہ اداروں کے خلاف غلط بیانی سے گریز کیا جائے، مصطفیٰ ملک

0

اسلام آباد :حکومت کی اہم اتحادی اور پاکستان کی بانی جماعت پاکستان مسلم لیگ نے چیف آف ڈیفنس کا منصب سنبھالنے پر جنرل عاصم منیر کو باقاعدہ مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے ذمہ دارانہ سیاست کا تقاضا ہے کہ اداروں کے خلاف غلط بیانی سے گریز کیا جائے ۔

ہفتہ کے روز جاری کیے گئے اپنے بیان میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ انکی جماعت سمجھتی ہے کہ جنرل عاصم منیر کی تقرری سےملکی دفاع مزید مستحکم ہوا ہے اور نوٹیفکیشن پر مہم چلانے والے غیر سنجیدہ عناصر بے نقاب ہو گئے ہیں۔

مصطفیٰ ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض سیاسی حلقوں نے اداروں پر تنقید کر کے اپنی کمزور سیاست کو عیاں کیا، سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والے قوم کے سامنے جواب دہ ہیں۔
مسلم لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے حساس معاملات پر بے بنیاد پروپیگنڈا ناقابلِ برداشت ہے ،افواج پاکستان نے پاک بھارت جنگ میں ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ سیاست کا تقاضا ہے کہ اداروں کے خلاف غلط بیانی سے گریز کیا جائے،افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف الزامات لگانے والے کسی درپردہ ایجنڈے کا حصہ لگتے ہیں،چیف آف ڈیفنس فورسز کا تقرر ملکی استحکام اور مضبوط دفاع کی علامت ہے۔
مصطفیٰ ملک نے کہا کہ انتشار اور افواہوں کے ذریعے سیاست چمکانے والے خود سیاسی تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں،پاکستان کے دفاع کو متنازع بنانے کی ہر کوشش ناکام ہو گی، قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف فتنہ پھیلانے والے عناصر خود شرمندہ ہوں، قوم باشعور ہے،قوم فوج کے خلاف پراپیگنڈے کا حصہ نہیں بنے گی گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے بہت سارے حقائق عیاں کر دیے ہیں، عقل مندوں کے اس میں بہت ساری نشانیاں ہیں۔
مصطفیٰ ملک خیبرپختونخوا حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست سے ٹکراو کی پالیسی پر محتاط رہے ۔انتشار اور عدم استحکام کی سیاست پی ٹی آئی کو بند گلی میں لے جائے گی ۔
مصطفیٰ ملک نے کہا کہ اس جماعت کا سب سے بڑا مسئلہ سنجیدہ قیادت کا فقدان ہے پی ٹی آئی میں اگر کوئی سنجیدہ لوگ ہیں تو وہ ضرور سوچیں ملک دشمنی، فوج دشمنی پر انہیں کس نے دھکیلا ہے اس سے انہیں نئی سیاسی راہیں متعین کرنے میں آسانی ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.