شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک پانی کی فراہمی بند، ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی
شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک پانی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔
گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، کورنگی، لانڈھی، لیاقت آباد، ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہے۔
صبح سے صفورہ اور نیپا ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی بند ہے، شہریوں کو پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ ٹینکر مافیا مہنگے داموں پانی فروخت کر رہا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 قطر انچ کی لائن نمبر 5تین مختلف مقامات سے متاثر ہوئی۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر20 اور 21مئی کی درمیانی شب بجلی کا بریک ڈاؤن ہونے سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 2پمپ بند ہوگئے اور پانی کے بریک پریشر سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 قطر انچ کی لائن نمبر 5 تین مختلف مقامات سے متاثر ہوئی جسکے باعث مذکورہ لائن سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پمپس بند ہونے سے شہر کو یومیہ48 ملین گیلن پانی کی کمی کا خدشہ ہے، متاثرہ لائن کا مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہےجسے جلد مکمل کرکے پانی کی سپلائی مکمل طور پر بحال کردی جائے گی۔
پی این پی