News Views Events
Apna Watan

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

0

حکومت نے عید کے تیسرے دن عوام کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور اس وعدے پر ہو بہو عمل کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے کمی اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول پر سبسڈی دی۔

مزید کہا گیا کہ جب خطے کے دوسرے ممالک میں پیٹرول حاصل کرنے کے لیے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بروقت اقدامات کی بدولت عوام کو پیٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جب دنیا میں تیل کا بدترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے 22 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اب پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 380 روپے 78 پیسے ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 6 روپے کی کمی کردی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 403 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 402 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

اس سے قبل حکومت نے 15 مئی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بالترتیب 409 روپے 78 پیسے اور 409 روپے 58 پیسے مقرر کردی گئی تھی۔

 

پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.