19 جولائی 1947ء کی قراردادِ الحاقِ پاکستان تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی تاریخی بنیاد ہے: سید منظور احمد شاہ
اسلام آباد (کاشف اقبال )سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ نے کہا ہے کہ 19 جولائی 1947ء کی قراردادِ الحاقِ پاکستان ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک عظیم، تاریخی اور فیصلہ کن سنگِ میل ہے۔ اس قرارداد نے کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں، نظریاتی وابستگی اور مستقبل کے قومی تشخص کا واضح اظہار کیا، جس کی بنیاد پر کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعلان کیا۔
یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کی دوراندیش قیادت، شہداء کی لازوال قربانیوں اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے ساتھ غیرمتزلزل وابستگی کی یاد دلاتا ہے۔ 19 جولائی صرف ایک تاریخی تاریخ نہیں بلکہ عہدِ وفا، استقلال اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیری عوام اپنے بنیادی، پیدائشی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہزاروں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہزاروں نوجوان جیلوں میں قید ہیں جبکہ خواتین، بچے اور بزرگ بھی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود آزادی کا جذبہ کمزور نہیں ہوا۔سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کر سکتا۔ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام بھی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان، عوامِ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے، جس پر کشمیری عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، یورپی یونین، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لیں، بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
آخر میں سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر ہم اپنے شہداء، اسیرانِ حریت اور تحریکِ آزادی کے تمام کارکنان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ حق و انصاف کی یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنی آزادانہ رائے کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں گے۔