یورپی یونین کی جانب سے روس سے متعلق پابندیوں میں چینی کمپنیوں کی شمولیت، چینی مشن کا یورپی یونین سے فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ
بیجنگ:(چائنا ڈیسک ) یورپی یونین کی جانب سے روس کے خلاف پابندیوں کے اکیسویں پیکج میں مزید چینی کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جانے پر یورپی یونین میں چینی مشن کے ترجمان نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی فریق نے چین کی سخت مخالفت اور احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے روس کے خلاف پابندیوں کے اکیسویں دور میں چینی کمپنیوں کو بھی شامل کیا ہے۔ چین اس اقدام پر شدید عدم اطمینان اور سخت مخالفت کا اظہار کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین نے اس معاملے پر ایک بار پھر یورپی یونین کے سامنے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور چینی کمپنیوں کے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب جوابی اقدامات بھی کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوکرین بحران کے حوالے سے چین ہمیشہ معروضی اور غیر جانبدار مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے، امن مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے اور بحران کے سیاسی حل کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق چین یورپی یونین کی جانب سے چینی کمپنیوں اور شہریوں پر بلاجواز پابندیاں عائد کیے جانے کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اپنی غلط پالیسی کو فوری طور پر درست کرے اور عملی اقدامات کے ذریعے چین اور یورپی یونین کے تعلقات کے مجموعی مفاد کا تحفظ یقینی بنائے۔