فتح جنگ :(کاشف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات پر تحصیلدار و اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا۔
دورانِ چیکنگ متعدد دکانوں کا معائنہ کیا گیا جہاں بعض مقامات پر سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ ہونے اور دیگر خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی۔ متعلقہ دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ بعض افراد کو موقع پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ اشیائے خوردونوش کے معیار کا جائزہ لیا گیا اور شہریوں کے مسائل و شکایات بھی سنی گئیں۔
اس موقع پر چوہدری شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو کسی بھی صورت ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ سرکاری نرخوں پر معیاری اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔