کرپشن کیس میں 5 ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا
راولپنڈی:
کرپشن کیس میں عدالت نے 5 ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی اسپیشل کورٹ (سینٹرل) نے ایف آئی اے کرپشن کیس میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کرپشن کیس کے 5 ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت قید کی سزائیں سنا دیں۔
سزا پانے والوں میں ذیشان علی اکبر، نظر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب ظہیر شامل ہیں۔
انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت تمام ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ دفعہ 161 پی پی سی کے تحت ہر ملزم کو 3، 3 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی گئی ۔ دفعہ 162 پی پی سی کے تحت بھی ہر ملزم کو 3، 3 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی گئی اور دفعہ 163 پی پی سی کے تحت ہر ملزم کو ایک، ایک سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے تمام سزائیں بیک وقت (Concurrent) چلانے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کا فائدہ بھی دے دیا گیا۔ عدالت نے ملزمان سے برآمد ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ ضبط شدہ رقم پانچوں مجرموں سے برآمد کی گئی تھی۔
اسپیشل جج (سینٹرل)ر اولپنڈی عبدالرحمن محمد عارف نے تمام مجرموں کو فوری طور پر سینٹرل جیل راولپنڈی منتقل کرنے کے وارنٹ جاری کر دیے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا۔
پی این پی