News Views Events
Apna Watan

پاکستانی ذائقوں اور یون نان کی کافی نے دیان چھی کافی میلے میں چین-پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنا دیا

0

کونمنگ (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے دارالحکومت کونمنگ میں دیان چھی جھیل کے ساحل پر یکم اگست سے 9 اگست تک 2026 دیان چھی بین الاقوامی کافی ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کافی کی ثقافت کے موضوع پر یہ عظیم الشان تقریب صنعتی حد بندیاں توڑتے ہوئے مختلف عالمی ثقافتوں کو يکجا کرتی ہے اور بین الاقوامی روابط و تجارتی تعاون کے لئے ایک پرخلوص رابطے کا کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستان، سوئٹزرلینڈ، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک و علاقوں کے ممتاز تاجروں کی شمولیت کے ساتھ اس میلے میں مخصوص عالمی سوغاتیں پیش کی جاتی ہیں، یہ میلہ ثقافتی تصورات اور تجارتی مواقع کے تبادلے کو آسان بناتا ہے اور جامع بین الاقوامی رابطے اور تعاون کی ایک روشن تصویر پیش کرتا ہے۔
چہل پہل سے بھرپور بین الاقوامی سٹالز کے درمیان غیر ملکی دلکشی اور خلوص و محبت سے لبریز پاکستانی سٹال مہمانوں کا پسندیدہ مرکز بنا ہوا ہے۔ پاکستانی نمائش کنندگان عبید اللہ اور ان کے کزن ساجد علی میلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کے لئے کونمنگ پہنچے۔ انہوں نے روایتی پاکستانی پکوان اور لکڑی کی دستکاری کی مصنوعات ساتھ لائے ہیں۔ ان کے خوبصورت سٹال نے شائقین کی کثیر تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا جو چینی عوام کے لئے حقیقی پاکستانی ثقافت سے شناسائی کا ایک بہترین ذریعہ بن گیا ہے۔
چینی شائقین کے سامنے سب سے حقیقی پاکستانی روایات پیش کرنے کے لئے پرعزم ان دو نوجوان تاجروں نے مقامی لذیذ پکوان بڑی توجہ سے تیار کئے جن میں سنہرے کرارے سموسے، ذائقے دار چکن کباب اور گولڈن کباب شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ لکڑی کے فن پاروں کے شاہکار بھی شامل ہیں جو روایتی پاکستانی دستکاری کی عکاسی کرتے ہیں۔
عبید اللہ نے کہا کہ ہم کونمنگ میں ایک پاکستانی ریسٹورنٹ چلاتے ہیں اور اس میلے کے لئے اپنے گھر کے بنے ہوئے روایتی سنیکس اور اپنے آبائی شہر سے لکڑی کی دستکاریاں لائے ہیں۔ ہم نے اس تقریب میں شرکت کا فیصلہ اس لئے کیا کیونکہ یہ میلہ یون نان کا ایک بہت مشہور اور بڑا تہوار ہے اور یہاں پاکستانی ثقافت روشناس کرانے کا ایک بہترین موقع ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ چینی مہمان ہمارے کھانے چکھیں گے، ہماری دستکاری کو سراہیں گے اور ہمارے ساتھ ثقافتی تبادلے سے حقیقی معنوں میں لطف اندوز ہوں گے۔
یون نان کافی میلے میں پہلی بار شرکت کرنے والے عبید اللہ نے چین کے اس معروف اور اعلیٰ معیار کے کافی برانڈ یون نان کافی کے بارے میں انتہائی تجسس اور پسندیدگی کا اظہار کیا۔
عبید اللہ نے کہا کہ میں نے یون نان کافی کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے اور بہت زیادہ متجسس بھی ہوں۔ یہ میرا اس میلے میں آنے اور ذاتی طور پر یون نان کافی کی ثقافت کے بارے میں جاننے کا پہلا موقع ہے۔ میں مستقبل میں چینی کافی کی ثقافت کے بارے میں سیکھنے اور کھوجنے کی کوشش جاری رکھوں گا تاکہ ہم بعد میں مزید بھرپور اور بہتر ثقافتی تبادلے کے تجربات حاصل کر سکیں۔
مستقبل میں ایسے میلے کے ذریعے بین الثقافتی تبادلوں کے حوالے سے اپنی توقعات پر بات کرتے ہوئے عبید اللہ نے پاکستان-چین دوستی کے لئے اپنے پرخلوص جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں صرف چینی دوستوں کے سامنے حقیقی پاکستانی ثقافت پیش کرنے ہی نہیں بلکہ اس کے بدلے میں بہترین چینی ثقافت سیکھنے بھی آئے ہیں۔
یون نان کافی کی خوشبو اور پاکستانی منفرد ذائقوں کا حسین امتزاج اس میلے کی سب سے دل موہ لینے والی جھلک بن گیا ہے۔ خوش ذائقہ یون نان کافی کا ایک کپ، مستند پاکستانی پکوان کا ایک نوالہ اور نفیس دستکاری کا ایک نمونہ جغرافیائی فاصلے مٹا کر معمول کے ثقافتی روابط کو ایک ٹھوس اور مخلصانہ دوستی میں بدل دیتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.