ترقیاتی منصوبوں کی بروقت و شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے،چوہدری شافع
صوبائی وزیر کا انجن آڑھتیاں سبزی منڈی کی حلف برداری تقریب سے خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر )انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی مراڑیاں بائی پاس گجرات کی تقریب حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ صوبائی وزیر نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔
چوہدری شافع حسین نے حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبز منڈی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوایا،نئی سڑک بنے گی اور یہاں مسجد بھی بنائی جائے گی،تاجروں کی سہولت کیلئے سبز منڈی کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب نے گجرات شہر کے سیوریج کیلئے 19 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے ،اس منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا،سیوریج منصوبوں کا کام مقامی ٹھیکداروں کی بجائے تجربہ کار کمپنیوں کو دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ گجرات میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا مسئلہ جلد حل ہو،چین کے بڑے سرمایہ کار گروپ گجرات میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ گجرات کے بعد سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار گجرات کی تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا،شہر کے روڈ انفراسٹرکچر کی سکیمیں آئندہ چار ماہ میں مکمل ہو جائیں گی، سروس موڑ بریج اگلے سال جنوری کے آخر میں مکمل ہو جائے گا ،اسی طرح رحمان شہید روڈ کے فنڈز 10روز میں جاری ہو جائیں گے جبکہ اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے گجرات شہر کی ٹریفک لائٹس کو بہتر کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ گجرات میں تعلیمی اداروں کو آپ گریڈ کیا جارہا ہے،یہاں نیا ایجوکیشنل کمپلیکس اورعالمی معیار کا فرنیچر کالج بھی بنے گا ۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں میں فنڈز کے شفاف استعمال اور منصوبوں کی بروقت ومعیاری تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے،کمیشن کلچر کا خاتمہ کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر سے آنے والے سیلابی ریلے نے گجرات میں بہت تباہی مچائی،آئندہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے ابھی سے کام کا آغاز کردیا ہے ،مقامی لوگوں کی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں بند پختہ کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مخالفین نے ہمیں الیکشن میں ہرانے کیلئے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار کیا،عوامی توقعات پر پورا اتریں اور دن رات عوام کی خدمت کریں گے۔
اس موقع پرصوبائی وزیر کو انتظامی افسران نے رحمان شہید روڈ پر تعمیراتی کام بارے بریفننگ دی جبکہ صوبائی وزیر نے منصوبے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے رحمان شہید روڈ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب میں سرپرست اعلی انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی مراڑیاں بائی پاس گجرات چوہدری عاقب افتخار،چیئرمین چوہدری مدثر،نومنتخب صدر حافظ صابر ودیگر نو منتخب عہدیداران اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔